ڈسٹرکٹ پریس کلب خیبر اور لائٹ فاؤنڈیشن کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط،

خیبر : ڈسٹرکٹ پریس کلب خیبر اور لائٹ فاؤنڈیشن کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط، صحافیوں کی فلاح و تربیت کے لیے مشترکہ اقدامات کا اعلان
ڈسٹرکٹ پریس کلب خیبر لنڈی کوتل اور لائٹ فاؤنڈیشن کے مابین مفاہمتی یادداشت (MOU) پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی جس میں پریس کلب کی جانب سے امان علی شینواری جبکہ لائٹ فاؤنڈیشن کی جانب سے چیئرپرسن رفعت اکرم نے دستخط کیے. دونوں اداروں نے آئندہ باہمی تعاون مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا.
چیئرپرسن لائٹ فاؤنڈیشن رفعت اکرم نے ڈسٹرکٹ پریس کلب خیبر کا دورہ کیا جہاں صحافیوں کے ساتھ علاقائی مسائل، تاریخی اہمیت اور موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ان کے دورے کا مقصد ضلعی صحافیوں کی استعداد کار میں بہتری اور ان کی سپورٹ کو یقینی بنانا تھا. ایم او یو کے تحت لائٹ فاؤنڈیشن صحافیوں کے لیے مختلف فلاحی و تربیتی اقدامات کو یقینی بنائے گی جن میں صحافیوں کے خاندانوں میں معذور افراد کے لیے وہیل چیئر کی فراہمی، قوتِ سماعت سے محروم بچوں کے لیے سماعتی آلہ (hearing aid)، نابینا افراد کو ڈیجیٹل قرآن پاک کی فراہمی، صحافیوں کی پیشہ ورانہ صلاحیت بڑھانے کے لیے تربیتی ورکشاپس اور ٹریننگ پروگرام شامل ہیں. رفعت اکرم نے گفتگو کے دوران کہا کہ لائٹ فاؤنڈیشن خلوصِ نیت کے ساتھ صحافیوں اور انسانیت کی خدمت کے لیے کوشاں ہے اور مستقبل میں بھی ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا. قبائلی خطے اور لنڈی کوتل کی تاریخی اہمیت پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لنڈی کوتل صدیوں سے دو ممالک کو ملانے والا تجارتی درہ رہا ہے مگر گزشتہ 41 دنوں سے پاک افغان سرحد کی بندش کے باعث ہزاروں مقامی افراد روزگار سے محروم ہیں انہوں نے دونوں ممالک پاکستان اور افغانستان کی حکومتوں سے اپیل کی کہ سرحدی بندش کا مسئلہ مذاکرات کے ذریعے فوری حل کیا جائے تاکہ یہاں کے لاکھوں لوگوں کے تجارت و روزگار بحال ہو سکیں
تقریب کے آخر میں صدر ڈسٹرکٹ پریس کلب خیبر امان علی شینواری نے لائٹ فاؤنڈیشن اور چیئرپرسن رفعت اکرم کی جانب سے قبائلی صحافیوں کے لیے تعاون اور حوصلہ افزائی پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا.