
قومی ٹیم کے اسپنر نعمان علی نے جنوبی افریقا کے خلاف قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں سابق لیجنڈ اسپنر عبدالقادر کا 37 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا۔
نعمان علی 5 ٹیسٹ کے تسلسل میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے پاکستانی بولر بن گئے، انہوں نے کیریئر کے 16ویں سے 20 ویں ٹیسٹ کے دوران 46 وکٹیں حاصل کیں۔
عبد القادر نے 1987 اور 88 میں کیرئیر کے 48 ویں سے 52 ویں ٹیسٹ میں 44 وکٹیں لی تھیں۔
پاکستان کے نعمان علی پچھلے 12 ماہ کے دوران دنیا کے سب سے کامیاب اسپنر بھی ہیں۔
نعمان علی نے جنوبی افریقا کے خلاف لاہور ٹیسٹ میں 10 وکٹیں لیں، انہوں نے پہلی اننگز میں 6 جبکہ دوسری اننگز میں 4 شکار کیے۔
اس سال کے آغاز میں ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں انہوں نے 6 اور دوسرے ٹیسٹ میں 10 وکٹیں لی تھیں جبکہ انگلینڈ نے خلاف سیریز میں نعمان علی نے ملتان میں 11 اور راولپنڈی میں 9 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔
یاد رہے کہ پاکستانی اسپنر نعمان علی نے گزشتہ روز ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز بھی اپنا نام ریکارڈ بک میں درج کرایا تھا۔ انہوں نے قذافی اسٹیڈیم میں جنوبی افریقا کے خلاف سابق پاکستانی اسپنر اقبال قاسم کا 37 سالہ پرانا ٹیسٹ ریکارڈ توڑا تھا۔
39 سالہ نعمان علی نے جنوبی افریقا کی پہلی اننگز میں 6 وکٹیں حاصل کیں، انہوں نے اپنے ٹیسٹ کیریئر میں 9 ویں بار ایک اننگ میں 5 یا اس سے زائد وکٹیں لیں، وہ ٹیسٹ کرکٹ کی اننگ میں سب سے زیادہ مرتبہ 5 وکٹیں لینے والے پاکستانی لیفٹ آرم اسپنر بن گئے۔