سہیل آفریدی کی نامزدگی ، فاٹا انضمام کے ثمرات کا مظہر

سہیل آفریدی کی نامزدگی ، فاٹا انضمام کے ثمرات کا مظہر
سابق ایم این اے الحاج شاہ جی گل آفریدی نے کہا ہے کہ سہیل آفریدی کی بطور وزیرِاعلیٰ خیبرپختونخوا نامزدگی ایک خوش آئند قدم اور فاٹا انضمام کے حقیقی ثمرات میں سے ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر سہیل آفریدی نے بطور وزیرِاعلیٰ این ایف سی ایوارڈ میں تین فیصد کوٹہ اور انضمامی فنڈز کے حصول کو ممکن بنایا اور قبائلی اضلاع سے بدامنی کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کیے، تو یہ ایک تاریخی کامیابی ہوگی۔
الحاج شاہ جی گل آفریدی نے کہا کہ وزیرِاعلیٰ کے پاس موجود صوابدیدی فنڈز قبائلی علاقوں اور خیبر میں خرچ کر کے وہاں کے انفراسٹرکچر، تعلیم، صحت اور روزگار کے نظام کو بدل سکتے ہیں۔
انہوں نے توجہ دلائی کہ ماضی میں تمام وزرائےاعلیٰ نے اپنے حلقوں میں ریکارڈ ترقیاتی کام کیے، اب وقت ہے کہ قبائلی عوام بھی ترقی کے اسی سفر کا حصہ بنیں۔
شاہ جی گل آفریدی نے طورخم بارڈر کے ذریعے تجارت اور کاروبار کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ سہیل آفریدی اگر اس سمت میں عملی قدم اٹھائیں تو یہ خطے کے لیے گیم چینجر ثابت ہو سکتا ہے۔