پی ایس ایل 10 کے باقی میچز یو اے ای منتقل، پی سی بی کا اہم فیصلہ

اسلام آباد، رپورٹ: (عبدالغفار خان )پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے جمعہ کو اعلان کیا ہے کہ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کے باقی تمام میچز متحدہ عرب امارات (یو اے ای) منتقل کر دیے گئے ہیں۔ سیکیورٹی اور موسمی حالات میں عدم استحکام کی وجہ سے یہ فیصلہ کیا گیا تاکہ لیگ کے شیڈول میں مزید تاخیر نہ ہو اور تمام میچز محفوظ ماحول میں مکمل کیے جا سکیں۔ پی سی بی کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ اس فیصلے کے تحت باقی تمام میچز یو اے ای کے میدانوں پر کھیلے جائیں گے، جن میں شامل ہیں: کراچی کنگز بمقابلہ پشاور زلمی، پشاور زلمی بمقابلہ لاہور قلندرز، اسلام آباد یونائیٹڈ بمقابلہ کراچی کنگز، ملتان سلطانز بمقابلہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، کوالیفائر، ایلیمینیٹر 1، ایلیمینیٹر 2 اور فائنل۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ ان میچز کی نئی تاریخوں اور وینیوز کا باضابطہ اعلان جلد کیا جائے گا۔ پی سی بی کے ترجمان کے مطابق، "ہماری اولین ترجیح کھلاڑیوں، آفیشلز اور شائقین کی سلامتی ہے، اور ہم چاہتے ہیں کہ پی ایس ایل کے باقی میچز بغیر کسی رکاوٹ کے مکمل ہوں۔” یاد رہے کہ پی ایس ایل 10 کا آغاز اپریل میں پاکستان میں ہوا تھا اور شاندار مقابلے جاری تھے، تاہم اب فیصلہ کن مرحلہ یو اے ای کی سرزمین پر طے ہوگا۔ شائقین کو اب دبئی اور ابوظہبی میں ایک بار پھر کرکٹ کا بڑا میلہ دیکھنے کو ملے گا۔