پی ایس ایل 10کھیل

پی ایس ایل 10: افتتاح سے قبل کپتانوں کی پریس کانفرنس، توقعات اور عزم کا اظہار

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2025 کے دسویں ایڈیشن کا آغاز کل سے ہونے جا رہا ہے، جبکہ ایونٹ کے آغاز سے قبل آج اسلام آباد میں تمام چھ ٹیموں کے کپتانوں نے مشترکہ پریس کانفرنس میں شرکت کی اور میڈیا سے گفتگو کی۔

ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کا الگ دباؤ ہوتا ہے، تاہم سیلیکشن کمیٹی اور کپتان کے پاس اپنی اپنی ذمہ داریاں اور اختیارات ہوتے ہیں۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ پاکستان میں کرکٹ سے محبت کرنے والے مداحوں کی توقعات پر پورا نہیں اُتر سکے، مگر آئندہ بہتر کارکردگی کا عزم ظاہر کیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے قائد شاداب خان نے کہا کہ ابتدائی سیزنز میں پنڈی اسٹیڈیم کی پچز کے بارے میں زیادہ آگاہی نہیں تھی، تاہم اب ہمیں یہاں کی کنڈیشنز کا بہتر اندازہ ہے اور توقع ہے کہ شائقین کو اس بار بہترین مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سعود شکیل نے گذشتہ سیزنز میں ٹیم کی کمزور کارکردگی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ اس بار ٹیم نے ماضی کی غلطیوں سے سیکھا ہے اور ایک بہتر کمبی نیشن کے ساتھ میدان میں اُترے گی۔

لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے اس سیزن میں نوجوان کھلاڑیوں کی شمولیت کو ٹیم کی طاقت قرار دیا اور کہا کہ وہ ان کے کردار سے پُرامید ہیں۔

کراچی کنگز کی جانب سے کپتان ڈیوڈ وارنر کی عدم موجودگی میں فاسٹ بولر حسن علی نے پریس کانفرنس میں شرکت کی۔ انہوں نے بتایا کہ ٹیم نے رواں سیزن کے لیے کمبی نیشن میں اہم تبدیلیاں کی ہیں، جو فائنل تک رسائی میں مددگار ثابت ہوں گی۔

پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم نے پُرعزم انداز میں کہا کہ ہماری ٹیم نے بھرپور تیاری کی ہے اور اس بار پوری امید ہے کہ ہم فائنل کھیلیں گے۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل 10 کا افتتاحی میچ کل (11 اپریل) کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔ افتتاحی تقریب شام 7 بجے ہوگی، جس کے بعد میچ رات ساڑھے 8 بجے شروع ہو گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button