تازہ ترین

نیا وزیر اعلی۔نوجوان رہنما اور صوبائی وزیرِ اعلیٰ تعلیم سہیل آفریدی کا تعلق قبائلی ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ سے ہے

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان نے خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی جگہ صوبائی وزیر سہیل آفریدی کو نیا وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نامزد کر دیا ہے۔

جمرود (نمائندہ شہزاد آفریدی)
ذرائع کے مطابق، نوجوان رہنما اور صوبائی وزیرِ اعلیٰ تعلیم سہیل آفریدی کا تعلق قبائلی ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ سے ہے۔ وہ زمانہ طالب علمی ہی سے تحریک انصاف کے ساتھ منسلک رہے ہیں اور پارٹی کے نظریاتی کارکنوں میں شمار ہوتے ہیں۔

تعلیمی پس منظر
سہیل آفریدی نے ابتدائی تعلیم مسلم پبلک سکول پشاور صدر سے حاصل کی، جبکہ میٹرک بھی اسی ادارے سے کیا۔انہوں نے ایف سی گورنمنٹ کالج پشاور سے مکمل کی اور بعدازاں پشاور یونیورسٹی سے بی ایس اکنامکس کی ڈگری حاصل کی۔

سیاسی سفر کی ابتدا
سال 2015 میں سہیل آفریدی کو انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن (آئی ایس ایف) پشاور یونیورسٹی کیمپس کا صدر منتخب کیا گیا۔دو سال بعد وہ آئی ایس ایف پشاور ریجن کے صدر اور بعدازاں خیبر پختونخوا کے صدر کے عہدے پر فائز ہوئے۔اسی دوران انہیں انصاف یوتھ وِنگ خیبر پختونخوا کا صوبائی صدر مقرر کیا گیا، جہاں انہوں نے نوجوان کارکنوں کی تنظیم نو میں فعال کردار ادا کیا۔

انتخابی سیاست میں قدم
سہیل آفریدی نے 8 فروری 2024 کے عام انتخابات میں پہلی مرتبہ حصہ لیا۔انہوں نے صوبائی حلقہ پی کے-70 (خیبر-2) سے کامیابی حاصل کی اور مسلم لیگ ن کے امیدوار بلاول آفریدی کو بھاری اکثریت سے شکست دی۔
یہ ان کی سیاسی زندگی کا اہم سنگِ میل ثابت ہوا۔

وزارتی ذمہ داریاں
ایم پی اے منتخب ہونے کے بعد وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے انہیں صوبائی کابینہ میں شامل کرتے ہوئے پہلے معاونِ خصوصی برائے کمیونیکیشن اینڈ ورکس (C&W) مقرر کیا،بعد ازاں انہیں ترقی دے کر صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم کا قلمدان سونپا گیا۔

پارٹی میں سرگرم کردار
9 مئی 2023 کے واقعات کے بعد جب تحریک انصاف کی صوبائی قیادت زیرِ زمین چلی گئی تھی،
تو سہیل آفریدی نے پارٹی کارکنوں سے مسلسل رابطہ برقرار رکھا۔انہوں نے انصاف یوتھ وِنگ کے پلیٹ فارم سے سوشل میڈیا پر کارکنوں کو متحد رکھا،
احتجاجی مظاہروں کی قیادت کی اور عمران خان کی رہائی کی تحریکوں میں پیش پیش رہے۔

خاندانی پس منظر
سہیل آفریدی کے پانچ بھائی ہیں اور وہ تیسرے نمبر پر ہیں۔سیاست میں آنے سے قبل وہ پراپرٹی کے کاروبار سے وابستہ تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button