اسلام آباد نیشنل پریس کلب پر پولیس حملے کے خلاف جمرود پریس کلب کا احتجاجی مظاہرہ

جمرود(فری لانس جرنلسٹ اختیار گل) نیشنل پریس کلب اسلام آباد پر پولیس کے حملے اور صحافیوں پر تشدد کے خلاف جمرود پریس کلب کے زیرِ اہتمام پریس کلب عمارت کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں صحافیوں نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر پولیس تشدد اور آزادی صحافت پر قدغن کے خلاف نعرے درج تھے۔اس موقع پر صدر جمرود پریس کلب ساجد علی کوکی خیل اور جنرل سیکرٹری محمد اکبر آفریدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحافت پر پابندیاں اور صحافیوں پر تشدد کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پریس کلب پر حملہ آزادی اظہار رائے پر حملہ ہے، جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔رہنماؤں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث اہلکاروں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور صحافیوں کو آزادانہ طور پر اپنے فرائض سرانجام دینے کے لیے محفوظ ماحول فراہم کیا جائے۔