انسانی حقوق

خیبر چوک میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام ایک بڑے احتجاجی مظاہرہ

جمرود(فری لانس جرنلسٹ اختیار گل) خیبر چوک میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام ایک بڑے احتجاجی مظاہرے کا انعقاد کیا گیا جس میں کارکنان اور شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ مظاہرہ گلوبل صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی جارحیت اور جماعت اسلامی کے سابق سینیٹر مشتاق احمد خان سمیت قافلے کے دیگر افراد کی گرفتاری کے خلاف کیا گیا۔مقررین نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے فلوٹیلا قافلے پر حملہ کھلی جارحیت اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق سینیٹر مشتاق احمد اور دیگر کارکنان اس وقت اسرائیل کی قید میں ہیں جو باعثِ تشویش ہے۔ انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر عالمی سطح پر مؤثر سفارتی کردار ادا کرتے ہوئے ان کی باحفاظت رہائی کے لئے اقدامات کیے جائیں۔مقررین میں شاہ فیصل آفریدی، خان ولی آفریدی، قاری واجد اور انجینئر بنارس نے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم فلسطینی مسلمانوں اور حماس کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور فلسطین کی آزادی تک جدوجہد جاری رہے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ امت مسلمہ کو متحد ہو کر اسرائیلی مظالم کے خلاف عملی اقدامات کرنے چاہئیں۔مظاہرے کے دوران شرکاء نے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ "امریکہ مردہ باد” اور "اسرائیل مردہ باد” کے فلک شگاف نعرے گونجتے رہے۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے جن پر فلسطین کی حمایت اور اسرائیل مخالف نعرے درج تھے۔مقررین نے کہا کہ اگر عالمی طاقتوں نے اسرائیل کو لگام نہ دی تو مشرق وسطیٰ سمیت پوری دنیا میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے زور دیا کہ فلسطینی عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ان کی جدوجہد جلد کامیابی سے ہمکنار ہوگی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button