خیبر آٹا ڈیلرز ایسوسی ایشن کا جمرود میں احتجاجی مظاہرہ

جمرود (فری لانس جرنلسٹ اختیارگل) خیبر آٹا ڈیلرز ایسوسی ایشن نے جمرود میں پنجاب سے گندم اور آٹے کی ترسیل پر پابندی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے پنجاب حکومت کے فیصلے کو ’’آٹا گردی‘‘ قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ایسوسی ایشن کے صدر حاجی عبدالمنان مدوخیل نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے تمام اضلاع میں آٹا ڈیلرز ایسوسی ایشن کی میٹنگز اور مظاہرے ہو چکے ہیں، جس کے نتیجے میں مشترکہ حکمتِ عملی مرتب کی گئی ہے۔ ان کے مطابق کل (جمعرات) اسلام آباد میں آل خیبرپختونخوا آٹا ڈیلرز ایسوسی ایشن کی مشترکہ پریس کانفرنس ہوگی جس میں پنجاب میں احتجاج یا دھرنے کے حوالے سے آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام پہلے ہی دہشت گردی اور سیلاب جیسی مشکلات سے دوچار ہیں، ایسے میں گندم و آٹے کی ترسیل پر پابندی ظلم کے مترادف ہے، جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کی ہٹ دھرمی ناقابلِ قبول ہے کیونکہ پورا ملک ایک ہے اور سب کو یکساں سہولیات فراہم ہونی چاہییں۔آٹا ڈیلرز نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر پنجاب سےخیبرپختونخوا کو گندم اور آٹے کی ترسیل پر عائد پابندی ختم کرے اور پنجاب حکومت کو اس ’’ظالمانہ اقدام‘‘ سے باز رکھے۔مقررین نے واضح کیا کہ کل اسلام آباد میں ہونے والی پریس کانفرنس کے دوران آئندہ کے احتجاجی لائحہ عمل کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔