تازہ ترین

باجوڑ: نامعلوم افراد کی فائرنگ ، اے این پی کےایڈیشنل جنرل سیکرٹری جاں بحق

باجوڑ کی تحصیل خار کے علاقے خزانہ میں عوامی نیشنل پارٹی (ANP) کے  ایڈیشنل جنرل سیکرٹری نامعلوم حملہ آوروں کی فائرنگ سے جاں بحق ہو گئے۔ واقعہ خار-ناوگئی روڈ پر پیش آیا، جو کہ لوئی سم پولیس اسٹیشن کی حدود میں آتا ہے۔

مقامی رہائشیوں اور ریسکیو 1122 کے حکام کے مطابق، 45 سالہ میر اعظم خان اپنے گھر خزانہ ڈاگ جا رہے تھے کہ نامعلوم افراد نے ان پر فائرنگ کر دی، جس سے وہ شدید زخمی ہو گئے۔

ریسکیو 1122 کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر امجد خان نے تصدیق کی کہ زخمی کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال خار منتقل کیا گیا، مگر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔تاحال کسی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

واقعے کے بعد عوامی نیشنل پارٹی کے مقامی رہنماؤں اور کارکنوں نے سوشل میڈیا پر اپنے شدید تحفظات اور غم و غصے کا اظہار کیا۔ مقتول میر اعظم خان، ANP تحصیل خار کے ایڈیشنل جنرل سیکرٹری تھے۔

ANP کے مقامی صدر گل افضل خان، ڈپٹی جنرل سیکرٹری صادق اکبر جان، صوبائی جوائنٹ سیکرٹری شاہ نصیر خان، شیخ جان زادہ اور ایم پی اے محمد نثارخان نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button