خیبر پختونخوا

جمرود میں پشتو شاعر خیبر آفریدی کی یاد میں نعتیہ مشاعرہ

جمرود(فری لانس جرنلسٹ اختیارگل) پشتو کے معروف شاعر مرحوم خیبر آفریدی کی یاد میں ایک پروقار نعتیہ مشاعرہ تحصیل جرگہ ہال جمرود میں منعقد ہوا۔ اس روحانی و ادبی محفل کا اہتمام تنظیم اہل سنت و جماعت خیبر نے محکمہ یوتھ افیئرز خیبر اور ٹی ایم اے جمرود کے تعاون سے کیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی سینیٹر ڈاکٹر پیر علامہ نورالحق قادری تھے جبکہ صدارت ممتاز پشتو شاعر آباسین یوسفزئی نے کی۔ نعتیہ مشاعرے میں پروفیسر ڈاکٹر اسلم تاثیر سمیت نامور شعراء نے بارگاہِ رسالت ﷺ میں عقیدت سے لبریز کلام پیش کیا اور خیبر آفریدی کی ادبی خدمات پر روشنی ڈالی۔

تقریب میں خیبر آفریدی کے فرزند ملک زادہ عدیل رشتین، محکمہ یوتھ افیئرز خیبر کے آفیسر ساجد آفریدی، ناظم اعلیٰ اسلام الدین شیخ، چیئرمین عبدالمنان مدوخیل، ملک حاجی منان ملاگوری، حاجی سید غواث، عظمت علی شینواری، حاجی عقل جان، حاجی شربت، اشفاق آفریدی، کاشف اقبال آفریدی، حاجی خان طیف سمیت بڑی تعداد میں علمائے کرام اور اہلِ علاقہ شریک ہوئے۔مہمانِ خصوصی علامہ نورالحق قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کی محفل عشقِ رسول ﷺ سے دلوں کو منور کرنے کا ذریعہ بنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شعراء دنیاوی موضوعات کے ساتھ ساتھ سیرت النبی ﷺ کو بھی اپنی شاعری کا حصہ بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبالؒ، غالبؔ، رحمان بابا اور حمزہ بابا جیسے بڑے شعراء نے بھی رسول اکرم ﷺ کی شان میں نعتیہ کلام پیش کر کے ادب کو دوام بخشا۔

صدرِ محفل آباسین یوسفزئی نے اپنے تاثرات میں کہا کہ حمزہ بابا اور خیبر آفریدی خیبر کے وہ روشن ستارے ہیں جنہوں نے ادب اور دین دونوں کی خدمت کی۔ انہوں نے سینیٹر نورالحق قادری کا شکریہ ادا کیا کہ وہ ہمیشہ شعراء اور اہلِ قلم کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔تقریب کے اختتام پر سینیٹر نورالحق قادری نے شریک شعراء میں شیلڈز تقسیم کیں اور محکمہ یوتھ افیئرز خیبر، ٹی ایم اے جمرود اور ضلعی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button