ماموند متاثرہ خاندانوں کی باعزت واپسی شروع۔تعلیمی ادارے بھی کھل گئے

(انورزادہ گلیار)
ضلعی انتظامیہ باجوڑ نے اہم اقدام کے تحت بند تعلیمی ادارے کھول دیے ہیں اور متاثرہ خاندانوں کی اپنے گھروں کو باعزت واپسی کا عمل شروع کر دیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر باجوڑ شاہد علی خان کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر خار ڈاکٹر صادق علی اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نے مختلف اسکولوں اور کالجوں کا معائنہ کیا۔ اس دوران متاثرہ خاندانوں کی واپسی کے احکامات دیے گئے اور موقع پر ان کا ڈیٹا بھی اپڈیٹ کیا گیا۔
گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج خار میں اساتذہ کا ہاسٹل، بی ایس بلاک اور مین بلڈنگ مکمل طور پر خالی کرا لی گئی ہیں اور تدریسی سرگرمیاں کل سے بحال ہو جائیں گی۔ اسی طرح گرلز ہائر سیکنڈری اسکول خار، پوسٹ گریجویٹ کالج خار، کالج کالونی اور کالج آف مینجمنٹ سائنسز/کامرس کالج کی عمارتیں اور ہاسٹلز بھی خالی کرا لیے گئے ہیں اور تدریسی عمل بحال کر دیا گیا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق پرائمری، مڈل، ہائی اور بی ایس کلاسز میں باقاعدہ تدریس شروع کر دی گئی ہے جس سے طلبہ و طالبات میں نئے عزم اور امید کی لہر پیدا ہوئی ہے۔
متاثرہ علاقوں گنگ، شنکوت، ڈمہ ڈولہ، انعام خورو اور چینہ گئی کے خاندان اپنے گھروں کو واپس جا چکے ہیں، جبکہ مزید خاندانوں کی واپسی کا عمل کل سے متوقع ہے۔
ضلعی انتظامیہ کی نگرانی میں اسسٹنٹ کمشنرز، تحصیلدار، وی سی سیکریٹریز، پرنسپلز اور پی ڈی ایم اے کا عملہ تصدیقی کارروائی جاری رکھے ہوئے ہے۔ اب تک نصف علاقوں کو ڈی نوٹیفائی کیا جا چکا ہے جبکہ باقی علاقوں کو بھی جلد ڈی نوٹیفائی کیا جائے گا، تاکہ متاثرہ خاندانوں کی باعزت واپسی کا عمل تسلسل کے ساتھ جاری رہے۔