تازہ ترینصحت/تعلیم

خیبر میں پیٹ کے کیڑوں کے خاتمے کیلئے خصوصی مہم اکتوبر میں شروع ہوگی

جمرود(فری لانس جرنلسٹ اختیارگل) ڈپٹی کمشنر خیبر کی ہدایات پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر جمرود نسیم اللہ شاہ نے کہا ہے کہ پیٹ کے کیڑوں کے خاتمے کے لئے اکتوبر کے مہینے میں خصوصی مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ اس مہم کے دوران خیبر پختونخوا کے 22 اضلاع میں 5 سے 14 سال عمر کے تقریباً 80 لاکھ بچوں کو دوا فراہم کی جائے گی جبکہ ضلع خیبر میں 3 لاکھ 73 ہزار بچوں کو پیٹ کے کیڑوں سے بچاؤ کی دوا کھلائی جائے گی۔
یہ بات انہوں نے جمرود میں محکمہ صحت، محکمہ تعلیم، ریسکیو 1122، پرائیویٹ اسکولز و مدارس کے نمائندوں، تحصیل چیئرمین، سیکرٹری اور ٹیکنیکل اسسٹنس پارٹنر کے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر محمد حبیب کے ہمراہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔
نسیم اللہ شاہ نے باجوڑ ٹائمز کوکہا کہ پہلی جماعت سے دسویں جماعت تک کے طلباء سمیت اسکول نہ جانے والے 5 سے 14 سال عمر کے بچے بھی اس مہم کا حصہ ہوں گے اور قریبی اسکولوں میں تربیت یافتہ اساتذہ انہیں دوا فراہم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ آنتوں کے کیڑے خوراک سے غذائی قوت حاصل کرنے میں رکاوٹ بنتے ہیں جس کے باعث خون کی کمی، غذائی قلت اور ذہنی و جسمانی نشوونما میں کمی جیسے سنگین مسائل پیدا ہوتے ہیں۔ یہ بیماریاں بچوں کی صحت، تعلیم اور مستقبل کی پیداواری صلاحیت کیلئے شدید خطرہ ہیں، لہٰذا ان کا بروقت علاج ناگزیر ہے۔
ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر نے مزید بتایا کہ اس مہم میں فراہم کی جانے والی دوا ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان (DRAP) سے تصدیق شدہ ہے۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ محکمہ صحت، محکمہ تعلیم، پرائیویٹ اسکولز اور مدارس کی ٹیموں سے تعاون کرتے ہوئے اپنے بچوں کو دوا ضرور کھلائیں تاکہ اُن کی صحت محفوظ بنائی جا سکے۔
اس موقع پر پرائیویٹ اسکولز اور مدارس کے نمائندوں نے مہم میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ یہ ہمارا قومی فریضہ ہے کہ ہم اپنے بچوں کے بہتر مستقبل کے لئے ان کی صحت کو ترجیح دیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button