تازہ ترینخیبر پختونخوا

معرکہ حق جشن آزادی فٹبال ٹورنامنٹ کا ٹائٹل آفریدی یونائٹیڈ نے اپنے نام کیا

جمرود (فری لانس جرنلسٹ اختیارگل) جمرود اسپورٹس کمپلیکس میں آزادی کے موقع پر کھیلا جانے والا معرکہ حق جشنِ آزادی فٹبال ٹورنامنٹ شاندار انداز میں اختتام پذیر ہوا۔ سنسنی خیز فائنل میچ میں آفریدی یونائٹیڈ نے پنالٹی ککس پر گودر فٹبال الیون کو شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کرلی۔
فائنل مقابلہ دیکھنے کے لیے شائقین کی بڑی تعداد گراؤنڈ میں موجود تھی۔ دونوں ٹیموں نے مقررہ وقت تک بھرپور کھیل پیش کیا اور میچ برابر رہا، تاہم فیصلہ کن موقع پنالٹی ککس پر آیا جہاں آفریدی یونائٹیڈ نے کمال مہارت دکھا کر کامیابی حاصل کی۔ اس جیت پر میدان میں موجود تماشائیوں نے زبردست تالیاں بجا کر کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھایا۔
تقریب میں مہمانانِ خصوصی میں معاون خصوصی برائے سی اینڈ ڈبلیو محمد سہیل آفریدی کے فوکل پرسن و چیئرمین شمشیر آفریدی، تحصیل چیئرمین عظمت خان آفریدی، ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر محمد حسین اورگزئی، خیبر اسپورٹس کلب کے صدر معراج الدین شینواری، کلیم اللہ شینواری، ٹاؤن فور کے چیئرمین حماد آفریدی، ٹاؤن ایٹ کے چیئرمین شاہد زمان آفریدی، شہزاد زورا خیل، اختر باز آفریدی اور پی ٹی آئی یوتھ رہنما شاہد خان آفریدی سمیت دیگر معزز مہمان شریک تھے۔
مہمانانِ خصوصی نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے اور اپنے خطاب میں کہا کہ کھیل نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی نوجوانوں نے کھیلوں میں ہمیشہ بہترین کارکردگی دکھا کر دنیا کو امن، بھائی چارے اور صلاحیتوں کا پیغام دیا ہے۔
واضح رہے کہ اس ٹورنامنٹ کا مقصد جشن آزادی کے موقع پر خوشی اور امن کے پیغام کو عام کرنا، کھیلوں کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع فراہم کرنا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button