باجوڑ میں تین روزہ کرفیو نافذ، عوام کو گھروں تک محدود رہنے کی ہدایت

باجوڑ ضلعی انتظامیہ باجوڑ نے دہشت گردوں کے خلاف ٹارگیٹڈ کارروائی کے پیش نظر ضلع کے مختلف علاقوں میں تین روزہ کرفیو نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
کرفیو کا اطلاق 11 اگست کی صبح 11 بجے سے شروع ہو کر 14 اگست کی صبح 11 بجے تک جاری رہے گا۔
محکمہ داخلہ خیبر پختونخواہ کی منظوری کے بعد کرفیو کا اطلاق درج ذیل حساس علاقوں میں مکمل طور پر ہوگا،لغرئ، گواٹی، غنم شاہ، باد سیاہ، کمر، امانتا، زگئ، گٹ، غنڈے، گڑیگال، نیاگ کلی، رئگئ، ڈاگ، ڈماڈولا، سلطان بیگ، چوترا، شین کوٹ، گنگ، جیوار، انعام خورو، چینگئ، انگا، سفری، بر گٹکی، خرکی، شکرو اور بکرو۔
کرفیو کے دوران شہریوں کے لیے گھروں سے نکلنا اور سڑکوں پر آنا مکمل طور پر ممنوع قرار دیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کرفیو کا مقصد علاقے میں ممکنہ دہشت گرد کارروائیوں کو روکنا اور عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔
اس کے علاوہ خار کے مختلف مرکزی راستوں پر 12 گھنٹے کے لیے کرفیو نافذ کیا جائے گا جو آج 11 اگست صبح 11 بجے سے شروع ہوگا۔
متاثرہ سڑکوں میں شامل ہیں،خار منڈا روڈ، خار ناواگی روڈ، خار پشت سالارزئی روڈ،خار صادق آباد عنایت کلی روڈ ہے
انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ صبح 10 بج کر 30 منٹ تک اپنی تمام سرگرمیاں ختم کرکے اپنے گھروں تک محدود ہو جائیں۔ کسی قسم کی خلاف ورزی کی صورت میں نا خوشگوار واقعے کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ افراد پر عائد ہوگی۔
ضلعی انتظامیہ، سیکیورٹی اداروں اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کو علاقے میں مکمل اختیارات دے دیے گئے ہیں تاکہ امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے۔