تازہ ترین

باجوڑ: سابق ایم این اے گل ظفر خان اور ڈی ای او زنانہ کے درمیان الزامات کا تبادلہ

باجوڑ: سابق ایم این اے گل ظفر خان اور ڈی ای او زنانہ کے درمیان الزامات کا تبادلہ ضلع باجوڑ میں تعلیمی افسران اور سابق رکن قومی اسمبلی گل ظفر خان کے درمیان تلخ الزامات کا سلسلہ شدت اختیار کرگیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (زنانہ) مسمات حسن آرا نے ایک شکایتی خط کے ذریعے الزام عائد کیا ہے کہ سابق ایم این اے گل ظفر خان نے انہیں موبائل فون پر نازیبا الفاظ کہے اور ہراساں کیا۔ڈی ای او زنانہ کی جانب سے یہ شکایت اعلیٰ حکام کو ارسال کر دی گئی ہے، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سابق ایم این اے کا رویہ غیر اخلاقی اور ناقابل برداشت تھا۔

دوسری جانب سابق ایم این اے گل ظفر خان نے ان الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے وضاحت دی ہے کہ انہوں نے ڈی ای او زنانہ سے کسی قسم کی براہ راست گفتگو نہیں کی بلکہ تمام شکایات واٹس ایپ اور ایس ایم ایس کے ذریعے متعلقہ افسر عمران کو بھیجی تھیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہیں متعدد اساتذہ، جنہیں پی ٹی سی فنڈز کے تحت بھرتی کیا گیا تھا، کی طرف سے شکایات موصول ہوئیں کہ ان کی تنخواہوں میں کٹوتیاں کی جا رہی ہیں جبکہ وہ دور دراز علاقوں میں اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔گل ظفر خان نے مزید کہا کہ فیمیل ایجوکیشن آفس پر حالیہ بھرتیوں کے دوران سنگین بے ضابطگیوں کا الزام ہے، اور ایک انکوائری میں مبینہ کرپشن کے شواہد بھی سامنے آ چکے ہیں، جس کی رپورٹ جلد منظرِ عام پر لائی جائے گی۔

ان کے مطابق فرضی ناموں سے کی گئی بھرتیوں میں ایک کروڑ بیس لاکھ روپے تک کا غبن کیا گیا ہے۔یہ معاملہ فی الحال ضلعی انتظامیہ اور محکمہ تعلیم کی سطح پر توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے، جبکہ عوامی حلقے اس تنازعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button