بیجنگ میں افغانستان، چین اور پاکستان کے وزرائے خارجہ کی مشترکہ نشست، سہ فریقی تعاون پر اتفاق

بیجنگ – امارت اسلامیہ افغانستان کے وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی نے آج بیجنگ میں چین کے وزیر خارجہ وانگ یی اور پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے ساتھ سہ فریقی ملاقات میں شرکت کی۔
اس ملاقات میں تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے آئندہ افغانستان-چین-پاکستان سہ فریقی مذاکرات کے چھٹے دور کی تیاریوں اور ایجنڈا پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
وزیر خارجہ متقی نے چین اور پاکستان کے ساتھ افغانستان کے سیاسی و اقتصادی تعلقات کو نہایت اہم قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں ان شعبوں میں مزید پیش رفت ممکن ہوگی۔
چین اور پاکستان کے وزرائے خارجہ نے بھی اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ افغانستان کے ساتھ اچھے ہمسایہ تعلقات اور باہمی احترام کی بنیاد پر روابط کو مزید وسعت دینے کے خواہاں ہیں۔
ملاقات کے اختتام پر تینوں فریقین نے باہمی تجارت میں اضافے اور ٹرانزٹ سہولتوں کی فراہمی کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔